کرناٹک میں ماسک کے استعمال کو فی الحال لازمی قرار نہیں دیا جائے گا

کورونا وائرس کے معاملات کافی حد تک زیر قابو ہیں۔ ریاست میں اب ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی

کرناٹک میں ماسک کے استعمال کو فی الحال لازمی قرار نہیں دیا جائے گا

بنگلورو ، 24اپریل(پی اےن اےن ) کرناٹک میں کورونا وائرس کے معاملات کافی حد تک زیر قابو ہیں۔ ریاست میں اب ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ہے کہ ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے کر اس کا استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا جاسکے۔ اس لئے کرناٹک میں ماسک کے استعمال کو فی الحال لازمی قرار نہیں دیا جائے گا، اس بات کی جانکاری ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے دی۔انہوں نے کہا کہ شمالی ہند کی بعض ریاستوں میں کووِڈ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے سبب اندرونی ہالس وغیرہ میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی پابندیاں لاگو کردی گئی ہیں۔ لیکن وہاں بھی ماسک استعمال نہ کر نے والوں پر جرمانے جیسی صورتحال نہیں ہے۔مزید کہا کہ عوام اگر بروقت ویکسین کا دوسرا اور تیسرا ڈوز لگوائیں گے تو اس سے کووِڈ کی لہر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس خیال سے لاپروائی نہیں برتی جانی چاہئے کہ کووِڈ کسی اور ملک میں ہے اور ہمارے ملک میں نہیں ہے۔سدھاکر نے کہا کہ فی الحال 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو ویکسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ مرکزی حکومت 5تا11سال کے بچوں کے لئے بھی ویکسین دینے کے لئے مہم شرو ع کرنے کے لئے ضروری انتظامات کر رہی ہے۔جلد ہی ان بچوں کے لئے ویکسین دینے کی مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔